وارانسی، 19؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمان دفتر کی تصویریں کمرشیل ویب سائٹ'او ایل ایکس'پر ڈال کر اسے ساڑھے سارت کروڑ روپئے میں فروخت کرنے کی آن لائن پیشکش کرنے کے الزام میں پولیس نے یہاں چار لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امت پٹھان نے جمعہ کو یہاں جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ معاملے کا علم میں آتے ہی پولیس نے فورا اس کی چھان بین شروع کردیا تھا۔ بھیلو پور تھانے میں مقدمہ درج کر کے چار ملزمین کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاطیوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ وارانسی شہر علاقے کے بھیلوپور تھانہ علاقے کے جواہر نگر کالونی میں واقع مسٹر مودی کے پارلیمانی دفتر کی دو تصویریں معروف کمرشیل ویب سائٹ'او ایل ایکس'پر ڈال کر اسے فروخت کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے اس کی قیمت ساڑھے سات کروڑ روپئے بتائی گئی ہے۔
ویب سائٹ پر تصویروں کے ساتھ فروخت کی پیش کش کرنے والے فرد کا نام لکشمی اوجھا لکھا گیا ہے۔ یہ معاملہ جمعرات کو روشنی میں آیا تھا۔ویب سائٹ پر دکھ رہی تصویروں میں بی جے پی کے جھنڈے کا رنگ کی بڑی ہورڈنگ وزیر اعظم نریندر مودی کی فوٹو اور اس کا انتخابی نشان'کمل'صاف طور سے دکھائی دے رہاہے۔